چنڈی گڑھ،9؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہریانہ میں پنچکولہ ٹریڈ بورڈ کے صدر سریندر پال سنگھ نے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) چھوڑکر کانگریس میں شمولیت اخیتار کرلی ہے۔ سریندر سنگھ نے حال ہی میں ریاستی کانگریس کی صدر کماری شیلجا سے ملاقات کی تھی اور پارٹی میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ انہیں ان کے حامیوں سمیت یہاں کے ریاستی کانگریس ہیڈ کوارٹر میں کماری شیلجا کے پولیٹیکل سکریٹری اور سابق چیف پارلیمانی سکریٹری رام کِشن گجر نے باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل کیا۔ اس موقع پر ریاستی ترجمان رنجیتا مہتا اور پنچکولہ بلدیہ کے سابق چیئرمین رویندر راول بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سریندر پال سنگھ نے کہا کہ کانگریس میں شمولیت دراصل ان کی گھر واپسی ہے۔اس سے قبل وہ کانگریس پارٹی میں سرگرم تھے لیکن کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے وہ بی جے پی میں چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب کانگریس کو مضبوط بنانے کے لئے کام کریں گے۔ سریندر پال کو کانگریس میں شامل کیے جانے کے بعد رام کشن گجر نے انھیں پارٹی میں پوری عزت دینے کا یقین دلایا۔